ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سنگولی راینا برگیڈ معطل کرنے ایشورپا کو امیت شا کا حکم

سنگولی راینا برگیڈ معطل کرنے ایشورپا کو امیت شا کا حکم

Wed, 14 Dec 2016 23:49:00  SO Admin   S.O. News Service

نگلور:14/دسمبر (ایس او نیوز)ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا اور کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا کے درمیان ٹکراؤ کے نتیجہ میں ریاستی بی جے پی میں پھوٹ کے نمایاں آثار کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کے قومی صدر امیت شا نے ایشورپا کو متنبہ کیا ہے کہ فوری طور پر وہ سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں کو معطل کردیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کل ایشورپا نے دہلی میں اپنی طرف سے وضاحت پیش کرنے کیلئے بی جے پی کے قومی صد رامیت شا سے ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران ایشورپا کو امیت شا نے کافی سخت سست کہا اور سنگولی راینا برگیڈ سے دور رہنے کی سخت تاکید کی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ریاست میں بی جے پی امور کے انچارج مرلی دھر راؤ کی سخت تاکید کے باوجود ایشورپا نے سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں کوآگے بڑھایا جس کی وجہ سے پارٹی کو پشیمانی جھیلنی پڑی۔ یڈیورپا اور ان کے حامیوں نے اس سلسلے میں امیت شا سے شکایت کی،جس کی وجہ سے امیت شا نے ایشورپا کو دہلی طلب کیا۔ملاقات کے دوران امیت شا نے ایشورپا کی طرف سے پیش کی گئی وضاحت کو سنے بغیر یہ تاکید کرکے لوٹا دیا کہ کسی بھی حال میں وہ سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ پچھلے اسمبلی انتخابات میں بعض اسمبلی حلقوں میں بی جے پی کی شکست کا حوالہ دیتے ہوئے امیت شا نے ایشورپا کو متنبہ کیا کہ آئندہ اس طرح کی صورتحال پیدا نہ ہونے پائے یہ یقینی بنایا جائے۔ جن حلقوں میں پارٹی کی ہار ہوئی وہاں بھی جیت درج کرنے کیلئے پارٹی اپنے طور پر کام کرے۔انہوں نے ایشورپا کے اس استدلال کو مسترد کردیاکہ سنگولی راینا برگیڈ کے ذریعہ ان حلقوں میں پارٹی کامیابی درج کرسکتی ہے، جہاں پچھلے انتخابات میں اسے ہار ہوئی تھی۔ ایشورپا نے یہ بھی کہاکہ پارٹی کو ریاست میں پھر اقتدار پر لانے کیلئے وہ جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں، مگر غیر ضروری طور پر انہیں بدنام کیاجارہا ہے۔ امیت شا نے کہاکہ انہیں یہ شکایت ملی ہے کہ سنگولی راینا برگیڈ کا قیام دراصل ریاست میں پارٹی کو نقصان پہنچانے کیا گیا ہے اسی لئے کسی بھی حال میں وہ اس برگیڈ کی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو دور رکھیں۔ کہاجاتا ہے کہ یڈیورپا نے ایشورپا کی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی اعلیٰ کمان کو واضح کردیا تھاکہ اگر یہ سرگرمیاں جاری رہیں اور ریاست میں پارٹی اگر اقتدار پر نہ آئی تو اس کیلئے انہیں ذمہ دار قرار نہ دیا جائے۔ پارٹی کے دیگر لیڈروں کو یڈیورپا نے ایشورپا کے پاس روانہ کرکے انہیں منانے کی کوشش بسیار کی، لیکن ناکامی کے نتیجہ میں انہوں نے اعلیٰ کمان سے شکایت کا موقف اپنایا۔ امیت شا کی طرف سے فوری طور پر سنگولی راینا برگیڈ معطل کرنے کی ہدایت نے ایشورپا کو دوراہے پر کھڑا کردیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ اپنا اگلا قدم اٹھانے سے پہلے ایشورپا نے اپنے حامیوں کے ساتھ مشورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 


Share: